جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی پر مارٹر گولہ باری کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اپریل کو افغان طالبان نے سرحدی پٹی کے قریب شہری علاقوں کو نشانہ بنایا۔ فائر کیا گیا مارٹر گولہ براہِ راست کریم خان اور رحمت اللہ کے گھروں پر گرا، جس سے گھر کے اندر موجود افراد شدید زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق حملے میں 3 بچوں سمیت مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر مقامی افراد نے قریبی طبی مرکز منتقل کیا، بعد ازاں انہیں وانا کے اسپتال لے جایا گیا۔
میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اشفاق کے مطابق زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے، تاہم بعض افراد کو زیادہ چوٹیں آئی ہیں جن کا علاج جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے، جس کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔