اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے معاشی صورتحال کے پیش نظر کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے گزشتہ ماہ دی گئی سبسڈی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کا اعلان کردیا۔
وزیرِاعظم نے ہدایت کی ہے کہ سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کے اضافے کو روکا جائے اور عوامی ریلیف کے اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے ثمرات براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل حالات میں عام آدمی کیلئے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف دیا جائے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ خطے کی صورتحال میں بہتری آئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام ممکن ہو سکے۔