حکومت پنجاب نے سال 2027 میں پتنگ بازی کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں جن پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیے گئے ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں پر ہی کی جا سکے گی جبکہ چھت کی چار دیواری کی کم از کم اونچائی ساڑھے تین فٹ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔ بچوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے والدین اور سرپرستوں کو مسلسل نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے اور بچوں کو بغیر نگرانی چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکومت نے چھتوں پر بھاگنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے اور جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ گنجائش سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔
ضوابط کے مطابق ہر مقام پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی لازمی ہوگی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خلاف ورزی یا کسی حادثے کی صورت میں عمارت مالکان اور ایونٹ منتظمین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ محفوظ بسنت کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔