ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

شمالی وزیرستان: درپہ خیل میں قبائل اور فتنہ الخوارج کے درمیان جھڑپ، 5 دہشتگرد ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے درپہ خیل میں مقامی قبائل اور فتنہ الخوارج کے درمیان شدید جھڑپ کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہریوں کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان کے مطابق واقعہ درپہ خیل کی تحصیل میں واقع شاہزادہ کوٹ کے مقام پر پیش آیا، جہاں قبائلی عمائدین اور مسلح عناصر کے درمیان اچانک فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ کئی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 3 شہری موقع پر جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر پولیس اور مقامی افراد کی مدد سے سول اسپتال میرانشاہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

آر پی او بنوں کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور قبائل کے ساتھ مل کر صورتحال کو قابو میں کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سرحدی علاقوں میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں اور ایسے اقدامات کھلی جارحیت اور انسانیت دشمن سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں پر حملے بزدلانہ کارروائیوں کے زمرے میں آتے ہیں، اور فتنہ الخوارج کی بلااشتعال کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 9 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ حالیہ واقعے میں بھی 3 شہری اس وقت زخمی ہوئے جب وہ کرکٹ کھیل رہے تھے اور ان پر کواڈکاپٹر کے ذریعے حملہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ افغان طالبان کے بعض نمائندوں کی جانب سے پاکستان پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، جبکہ اصل صورتحال اس کے برعکس ہے جہاں پاکستان کے سرحدی علاقوں میں معصوم شہری مسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں