کراچی: سیر و تفریح کے لیے حب ندی جانے والے 3 نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے تینوں نوجوانوں کا تعلق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے تھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی فاؤنڈیشن کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائی کے دوران تینوں نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ ایدھی حکام کے مطابق لاشوں کو پہلے حب سول اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے پہنچا دیا گیا۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 18 سالہ ادیب ولد عامر، 20 سالہ حذیفہ ولد عبدالحق اور حارث ولد حنیف کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں نوجوان اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ ڈھائی نمبر کے رہائشی تھے۔
ایدھی حکام کے مطابق نوجوان اپنے دوستوں کے ہمراہ سیروتفریح کے لیے حب ندی گئے تھے، جہاں نہاتے ہوئے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔