ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

غزہ امدادی فلوٹیلا کے کارکنوں کی اسرائیلی حراست میں توسیع، تنازع شدت اختیار کر گیا

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی عدالت نے غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے فلوٹیلا سے گرفتار 2 غیر ملکی کارکنوں کی حراست میں مزید 2 روز کی توسیع کر دی ہے، جس کے بعد یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں افراد کو اشکلون کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سماعت کے دوران ان کے ریمانڈ میں اضافے کا فیصلہ سنایا گیا، جبکہ ان کے خلاف سنگین الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ امدادی قافلہ 50 سے زائد جہازوں پر مشتمل تھا، جو یورپ کے مختلف ممالک فرانس، اسپین اور اٹلی سے روانہ ہوا تھا۔

اس فلوٹیلا کا مقصد غزہ کی ناکابندی کو چیلنج کرتے ہوئے وہاں محصور آبادی تک امداد پہنچانا تھا، تاہم قابض ریاست کی بحریہ نے یونان کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں کارروائی کرتے ہوئے اس قافلے کو روک لیا اور متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 175 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے اکثریت کو بعد ازاں یونانی حکام کے حوالے کر دیا گیا، تاہم دو افراد کو مزید تفتیش کے لیے اسرائیل منتقل کیا گیا۔

زیر حراست افراد میں اسپین سے تعلق رکھنے والے سیف ابو کشک اور برازیل کے شہری تھیاگو اویلا شامل ہیں، جنہیں عدالت میں سخت سیکیورٹی میں پیش کیا گیا۔ پیشی کے دوران ایک کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں جبکہ دوسرے کے پاؤں میں بیڑیاں تھیں، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیلی حکام نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ زیر حراست افراد پر دوران جنگ دشمن کی معاونت اور  دہشت گرد تنظیم سے تعلق جیسے الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں، تاہم ان الزامات کی نوعیت اور شواہد کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

دوسری جانب اسپین کی وزارت خارجہ نے اپنے شہری کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے ایسے واقعات نہ صرف سفارتی تعلقات کو متاثر کرتے ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں پر بھی اہم سوالات کھڑے کرتے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں