اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے انکم ٹیکس قانون کے سیکشن ای-سیون کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ایف بی آر کی تمام اپیلیں خارج کر دی ہیں۔ عدالت نے اس شق کے تحت کیے گئے تمام اقدامات بھی غیر مؤثر قرار دے دیے۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا کہ سیکشن ای-سیون کے تحت جن اقدامات اور ٹیکس عائد کیے گئے تھے وہ قانونی طور پر برقرار نہیں رہ سکتے۔ عدالت نے اس شق کی بحالی سے متعلق ایف بی آر کی درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اس سیکشن کے تحت ایسے پلاٹس پر بھی ٹیکس عائد کیا گیا تھا جو زیر استعمال نہیں تھے، جسے عدالت نے غیر مناسب قرار دیا۔ کیس کا فیصلہ 23 اپریل کو محفوظ کیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے بعد رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ریلیف کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ عدالت نے مختلف ہائی کورٹس کے متضاد فیصلوں پر بھی حتمی رائے دیتے ہوئے اسلام آباد، بلوچستان اور پشاور ہائیکورٹس کے فیصلوں کے خلاف ایف بی آر کی اپیلیں خارج کر دیں جبکہ سندھ اور لاہور ہائیکورٹس کے شہریوں کے حق میں فیصلوں کو برقرار رکھا۔