اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجلی کی قیمتوں اور سبسڈی سے متعلق سوالات پر واضح جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر آئندہ دنوں میں مزید بات چیت ہوگی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ سے سوال کیا گیا کہ کیا بجلی پر دی جانے والی سبسڈی ختم کی جا رہی ہے؟ اس پر محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیر توانائی اویس لغاری اور وزیراعظم اس معاملے پر مسلسل کام کر رہے ہیں۔
کمیٹی ارکان نے وزیر خزانہ سے پوچھا کہ آیا بجلی سستی ہوگی یا مہنگی؟ تاہم انہوں نے اس سوال پر براہِ راست مؤقف دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔
وزیر خزانہ نے اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس کل ہوگا اور پاکستان نے اپنے تمام اہداف پورے کر لیے ہیں، تاہم قرض کی منظوری کا حتمی فیصلہ آئی ایم ایف بورڈ نے کرنا ہے۔