ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

تہران نے 47 برس دنیا کو دھوکا دیا، اب مزید چالاکیاں برداشت نہیں کریں گے، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر گزشتہ 47 برس سے مسلسل عالمی برادری کو دھوکا دینے اور مبینہ طور پر گیمز کھیلنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے کہا کہ تہران کی جانب سے طویل عرصے سے جاری ٹال مٹول کی پالیسی اب کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں سابق امریکی صدر باراک اوباما کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں ایران کو غیر ضروری رعایتیں دیں اور واشنگٹن کے اتحادیوں کے مفادات کو یکسر نظر انداز کر دیا۔ اس پالیسی نے ایران کو نئی زندگی فراہم کی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اوباما انتظامیہ نے تہران کو اربوں ڈالر نقد رقوم کی صورت میں پلیٹ میں رکھ کر پیش کیے۔ یہ رقوم سوٹ کیسز اور تھیلوں میں بھر کر ایران منتقل کی گئیں جس سے ایرانی حکام حیران رہ گئے اور انہیں اپنی قسمت پر یقین نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے برسوں تک ہمارے لوگوں کو سڑکوں پر بم حملوں کا نشانہ بنایا اور داخلی احتجاج کو طاقت کے زور پر کچلا۔ حال ہی میں ایرانی حکومت نے 42 ہزار بے گناہ اور نہتے مظاہرین کو ہلاک کیا ہے جو کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکام اس بربریت کے بعد عالمی برادری اور امریکا پر ہنستے رہے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ اب ایران کی یہ ہنسی زیادہ دیر قائم نہیں رہے گی کیونکہ امریکا اب انہیں مزید کوئی رعایت یا موقع فراہم کرنے کا ہرگز ارادہ نہیں رکھتا۔

امریکی صدر نے جوبائیڈن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پالیسیوں میں سست اور کمزور ثابت ہوئے ہیں۔ ٹرمپ نے عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ صورتحال میں ایران کو اپنی چالوں کا حساب دینا ہوگا کیونکہ ان کی جارحیت اور دھوکا دہی کے دن اب ختم ہو چکے ہیں۔ تہران کو اپنی پالیسیاں بدلنا ہوں گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں