مظفر آباد: مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بعض مقامات پر شدید ژالہ باری سے پھلوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ بارش کے باعث بالائی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق وزیرآباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ علی پور چٹھہ میں ژالہ باری کے باعث سڑکیں سفید ہوگئیں۔ بارش اور ژالہ باری کے بعد گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب بارش کے بعد گیپکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ڈسکہ اور مضافاتی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی آنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں ہلکی بارش شروع ہوتے ہی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ شہریوں نے بارش کے بعد موسم خوشگوار ہونے پر سکھ کا سانس لیا جبکہ ہلکی بارش نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا۔