عمان کے ساحل کے قریب ایک مشتبہ بغیر پائلٹ طیارے کے حملے کے بعد بھارتی پرچم بردار مال بردار جہاز سمندر میں ڈوب گیا۔
برطانوی بحری سلامتی ادارے کے مطابق بھارتی پرچم بردار جہاز “ایم ایس وی حاجی علی” آبنائے ہرمز کے جنوب میں عمان کے ساحل کے قریب مشتبہ حملے کے بعد ڈوب گیا۔ جہاز پر عملے کے 14 افراد سوار تھے، تاہم تمام افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کے روز حملے کے بعد عمانی حکام نے جہاز کے عملے کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی پرچم بردار جہاز کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ وزارت کے مطابق تجارتی جہازوں کو خطرے میں ڈالنے اور بحری آمدورفت و تجارتی آزادی میں رکاوٹ پیدا کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
بحری سلامتی ادارے کے مطابق یہ جہاز حال ہی میں صومالیہ سے روانہ ہوا تھا اور متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ جا رہا تھا، جبکہ اس میں مویشی لادے گئے تھے۔
ادارے نے مزید کہا کہ اب تک عالمی توجہ زیادہ تر بڑے تیل بردار جہازوں کی سلامتی پر مرکوز رہی، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث چھوٹے بحری جہاز بھی تیزی سے خطرات کی زد میں آ رہے ہیں۔