ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور گرج چمک کا امکان

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  نے ملک بھر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید موسمی سرگرمیوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال اُن پیشگی انتباہات کے مطابق ہے جو قومی ہنگامی آپریشن مرکز کی جانب سے پہلے ہی جاری کیے جا چکے تھے، وزیر اعظم کی ہدایت پر مون سون سیزن سے قبل ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے قومی سطح پر خصوصی کانفرنس بھی منعقد کی گئی، جس میں متعلقہ اداروں نے بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں پر غور کیا۔

محکمہ موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی، گرج چمک اور بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گجرات، گجرانوالہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور اوکاڑہ میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گھانچے، شگر اور کھرمنگ سمیت مختلف علاقوں میں خراب موسم متوقع ہے، جبکہ مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ اور راولا کوٹ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں بھی موسم شدید رہنے کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔ کراچی، حیدرآباد، ماتلی، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، سجاول اور جامشورو کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع بھی موسمی نظام کے زیر اثر رہیں گے۔ کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، چمن، لورالائی، خضدار، قلات، مستونگ، زیارت، سبی، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، سوراب، حب، گوادر اور کیچ میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلیشیائی جھیلوں، ندی نالوں اور خطرناک ڈھلوانوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

حکام کے مطابق جنوبی علاقوں میں تیز آندھی اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی موجود ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے سبب سفر کرنے والے افراد کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں