ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان کا پہلا پانڈا بانڈ چین کے ساتھ مالیاتی تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے پہلے پانڈا بانڈ کا اجرا دونوں ممالک (پاک چین) کے مابین مالیاتی تعاون کے ایک نئے دور کی شروعات ہے۔

اس تاریخی اقدام سے پاکستان پہلی بار چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک پہنچ گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے ایک انٹرویو میں مزید کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں اور چینی مالیاتی اداروں کا پاکستان کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے اور معاشی استحکام پر اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان کی معاشی سفارت کاری کا اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پانڈا بانڈ کا اجرا نہ صرف پاکستان کی مالیاتی حکمت عملی کے لیے سود مند ہے بلکہ اس سے چینی کرنسی آر ایم بی کے بین الاقوامی استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تقریباً ایک چوتھائی تجارت یوآن میں سرانجام پا رہی ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اب بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ صنعتی شراکت داری اور تجارتی تعاون پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پاکستان اور چین کی معاشی ترجیحات باہمی روابط اور پائیدار ترقی کے حوالے سے مکمل طور پر ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے اور سرکاری اداروں میں سخت اصلاحات لا رہی ہے۔ ڈیجیٹل گورننس اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے ذریعے معاشی اشاریے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کی مجموعی معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پانڈا بانڈ پروگرام کا کل حجم ایک ارب ڈالر ہے، جس کا ابتدائی اجرا 250 ملین ڈالر کے مساوی ہے۔  اس اہم پیش رفت میں ایشیائی ترقیاتی بینک اور اے آئی آئی بی نے معاونت فراہم کی ہے۔

وزیر خزانہ نے اس کامیابی پر چینی حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کی توقع ظاہر کی ہے۔  چینی حکام کی موجودگی میں ہونے والی یہ تقریب مستقبل میں مزید مالیاتی تعاون کی راہ ہموار کرے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں