ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روک لیا، 100 سے زائد رضاکار گرفتار

اسرائیلی بحریہ نے ایک بار پھر غزہ کے لیے امداد لے جانے والے صمود فلوٹیلا کو روک کر 100 سے زائد رضاکاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے سوشل میڈیا پر ہنگامی پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بحیرہ روم میں فلوٹیلا کو سمندر میں روک لیا گیا جبکہ ایک کشتی پر فائرنگ بھی کی گئی ہے۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق غزہ کے لیے انسانی امداد لے کر روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا مشن کے دوران سعد ایدھی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ شاید ہماری آخری اپڈیٹ ہو، انہوں نے بتایا کہ مشن کو راستے میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سعد ایدھی سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کے بعد صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔

اُدھر فیصل ایدھی نے اس معاملے پر پاکستانی اعلیٰ حکام سے فوری رابطہ کیا ہے تاکہ مشن میں شامل افراد کی حفاظت اور صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بین الاقوامی سمندری حدود میں اس وقت پیش آیا جب فلوٹیلا کو روکنے کی کوشش کی گئی، اس دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ بعض اطلاعات میں کشتیوں پر فائرنگ کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

فلوٹیلا منتظمین کا کہنا ہے کہ مشن مکمل طور پر غیر مسلح، پُرامن اور انسانی بنیادوں پر قائم تھا، جس کا واحد مقصد غزہ کے متاثرین تک امدادی سامان پہنچانا تھا۔

یہ امدادی مشن 14 مئی 2026 کو ترکیہ کے علاقے مارماریس سے روانہ ہوا تھا، جس میں سعد ایدھی سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد امدادی کارکنان شامل ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • مرزا ندیم بیگ

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں