ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ترکیہ: 17 سالہ نوجوان کی ریسٹورنٹ میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک، 8 زخمی

ترکیہ کے جنوبی صوبے مرسین میں پیش آنے والے ایک خونریز فائرنگ کے واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں 17 سالہ مسلح نوجوان کی اندھا دھند گولیاں چلانے سے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق واقعہ مرسین کے ضلع ترسوس میں پیش آیا، جہاں حملہ آور نے اچانک ایک ریسٹورنٹ میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کردی، فائرنگ اس قدر اچانک اور شدید تھی کہ موقع پر موجود افراد کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے نتیجے میں ریسٹورنٹ کا مالک اور وہاں کام کرنے والا ایک ملازم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے بعد حملہ آور وہاں سے فرار ہوگیا اور جاتے ہوئے مختلف مقامات پر مزید فائرنگ کرتا رہا۔

پولیس حکام کے مطابق فرار کے دوران ملزم کی فائرنگ سے ایک چرواہا اور ایک ٹرک ڈرائیور بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی، زخمی ہونے والے 8 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہوا، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ملزم کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز کی مدد بھی لی جا رہی ہے جبکہ مختلف شاہراہوں اور داخلی راستوں پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق فی الحال حملہ آور کی مکمل شناخت اور واقعے کے محرکات واضح نہیں ہو سکے، تاہم تفتیشی ادارے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حملے کے پس منظر اور ممکنہ مقاصد کا تعین کیا جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں