پشاور: سندھ کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے بھی عید الاضحیٰ کی مناسبت سے 4 روزہ تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹیوں کا یہ سلسلہ منگل 26 مئی سے شروع ہو کر جمعہ 29 مئی تک جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے بھی عیدِ قرباں کے لیے 3 روزہ تعطیلات کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت منگل، بدھ اور جمعرات 26 سے 28 مئی تک سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ان تاریخوں پر چھٹیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی وفاقی حکومت کی پالیسی کے عین مطابق 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق 26 مئی سے 28 مئی تک ملک بھر کے تمام بینکوں میں دفتری اور کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں گی اور دفاتر بند رہیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ عید کی ان تعطیلات کے بعد بینک 29 مئی بروز جمعہ سے اپنے معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گے۔ اس دن سے بینکنگ خدمات بحال ہو جائیں گی اور صارفین اپنے مالی لین دین کے لیے بینکوں میں آ سکیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی ۔اس سے قبل منگل 26 مئی کو یوم عرفہ ہوگا۔
ملک میں صوبائی اور وفاقی سطح پر چھٹیوں کے ان اعلانات کے بعد ملازمین اور عوام نے اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانگی شروع کر دی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید کے ان دنوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عوام پرسکون ماحول میں اپنے مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ تعطیلات کے دوران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔