راولپنڈی کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں مرمتی کام کے دوران کولنگ سسٹم کا کمپریسر پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں اسپتال کا ماحول اچانک خوف و ہراس کی کیفیت میں تبدیل ہو گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کولنگ یونٹ کی مرمت کا کام جاری تھا۔ اسی دوران اچانک کمپریسر میں زوردار دھماکا ہوا جس سے قریبی حصے میں موجود عملہ اور افراد متاثر ہوئے۔
حادثے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہولی فیملی اسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو بروقت علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور ان کی حالت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی، جس کے باعث نہ صرف اسپتال کے اندر بلکہ اطراف کے علاقوں میں بھی شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اچانک ہونے والے اس واقعے نے اسپتال کے معمول کے کام کو بھی کچھ دیر کے لیے متاثر کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اسپتال انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ ایسے کسی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا۔