بہاولپور: تحصیل یزمان کے ایک دیہی علاقے میں کھیتوں میں بکریاں جانے کے تنازع پر افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ملزمان کی جانب سے ایک خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں گھروں کو آگ لگا دی گئی۔
درج مقدمے کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بکریاں قریبی کھیتوں میں داخل ہو گئیں، جس پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے نہ صرف خاتون پر تشدد کیا بلکہ بعد میں اس کے گھر کو آگ لگا دی، جس کی لپیٹ میں مزید دو رہائشی گھر بھی آ گئے۔
متاثرہ افراد کے مطابق آگ لگنے کے باعث گھروں میں موجود نقد رقم اور زیورات بھی جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ پورا سامان راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ واقعے کے دوران 30 بکریاں بھی ملزمان اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔