لاہور کے علاقے لٹن روڈ میں پولیو ٹیم پر مبینہ تشدد، دھمکیوں اور سرکاری فرائض میں مداخلت کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع اس وقت موصول ہوئی جب پولیو ٹیم نے شکایت کی کہ بعض افراد نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے روکنے کے ساتھ ساتھ عملے کو ہراساں کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر 15 پر موصول ہونے والی کال کے فوراً بعد لٹن روڈ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس اہلکار جب متاثرہ مقام پر پہنچے تو ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ بھی مزاحمت کی اور کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے محبوس پولیو ورکر کو بازیاب کرا لیا اور موقع سے 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد تھانہ لٹن روڈ میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جن میں سرکاری امور میں مداخلت، تشدد، دھمکیاں دینے اور پولیس مزاحمت سے متعلق دفعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے، دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واضح کیا ہے کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی میں رکاوٹ ڈالنے یا انسدادِ پولیو مہم کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے نمٹا جائے گا۔