ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پیٹرول سستا: گڈز ٹرانسپورٹ کا کرایوں میں کمی کا اعلان، حکومت سے مزید ریلیف کا مطالبہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 6 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اس حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹرز سمیت عام شہریوں کو بھی سہولت ملے گی اور امید ہے کہ حکومت اس میں مزید کمی کرے گی۔

ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی جنگی حالات کی وجہ سے ملکی درآمدات اور برآمدات شدید متاثر ہوئی ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ کا کاروبار تقریباً ختم ہو چکا ہے۔ کام نہ ملنے کے باعث کئی ہزار گاڑیاں سڑکوں سے ہٹا کر کھڑی کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی مفاد کی خاطر اپنی گاڑیاں نقصان اٹھا کر چلانے پر مجبور ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور موٹروے پولیس کی جانب سے کیے جانے والے ناجائز چالان سے ٹرانسپورٹرز کو فوری طور پر ریلیف فراہم کرے۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مطالبہ کیا کہ حکومت جو ٹیکس ہم سے وصول کرتی ہے، اس کے عوض ہمیں سہولیات بھی دی جائیں۔ ملک شہزاد اعوان نے زور دیا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں حقیقی کمی اسی وقت ممکن ہے جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی سے روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔ حکومت کو چاہیے کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہو سکیں اور ملک کا پہیہ رواں دواں رہ سکے۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر حکومت ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرے اور ٹیکسوں میں کمی لائے تو ٹرانسپورٹرز عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے تیار ہیں۔ ہم ملکی معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں