اسلام آباد: رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغاز کا امکان 17 جون 2026 کو ہے۔
کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا، اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے مختلف علاقوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، جس کے باعث ہلال کی رویت ممکن نہیں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ رویت ہلال کے لیے چاند کی عمر عموماً 18 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے، جبکہ 15 جون کی شام چاند کی عمر اس معیار سے کم ہوگی۔ اسی لیے مطلع صاف ہونے کے باوجود ہلال کے نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔
کونسل کے مطابق غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان وقفہ بھی رویت کے لیے اہم ہوتا ہے۔ 15 جون کی شام کراچی میں یہ وقفہ 37 منٹ اور پشاور میں 42 منٹ ہوگا، تاہم چاند کی کم عمر کے باعث رویت ممکن نہیں ہوگی۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق اگر ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہوتے ہیں تو یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026 کو ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔