ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 پنجاب میں مدارس کے لیے یکساں رجسٹریشن نظام کا فیصلہ، 15 نکاتی مجوزہ فریم ورک تیار

لاہور: حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر کے دینی مدارس کو ایک ہی رجسٹریشن نظام کے تحت لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے 15 صفحات پر مشتمل ایک مجوزہ فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت مدارس کی مالیات، انتظامی ڈھانچے اور تعلیمی سرگرمیوں سمیت مکمل ریکارڈ حکومت کو فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

مجوزہ فریم ورک کے مطابق مدارس کو اپنی مالی تفصیلات، انتظامی معلومات، انفراسٹرکچر، اساتذہ اور طلبہ کا ریکارڈ، غیر ملکی طلبہ و اساتذہ کی تفصیلات اور فنڈنگ کے ذرائع فراہم کرنا ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی، انتہاپسندی اور کالعدم تنظیموں سے مکمل لاتعلقی کا حلف نامہ بھی دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس نئے نظام پر مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، دینی تنظیموں اور وفاق المدارس کے نمائندوں سے مشاورت جاری ہے تاکہ تمام فریقوں کی مشاورت سے حتمی شکل دی جا سکے۔

دستاویزات کے مطابق رجسٹریشن کے خواہشمند ہر مدرسے کو اپنے قانونی دستاویزات، انتظامی عہدیداروں کے شناختی کارڈز، 2500 روپے رجسٹریشن فیس کی بینک رسید اور زمین یا عمارت کی ملکیت یا لیز سے متعلق ثبوت جمع کرانا ہوں گے۔

فریم ورک میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مدرسہ، جامعہ یا دارالعلوم کی تعریف ان اداروں پر لاگو ہوگی جو دینی تعلیم کے ساتھ رہائش اور طعام کی سہولت فراہم کرتے ہوں یا کسی تسلیم شدہ دینی وفاق کے تحت امتحانات لے کر اسناد جاری کرتے ہوں، مدارس کی ذیلی شاخوں کے لیے الگ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم متعدد کیمپس چلانے والے اداروں کو ہر شاخ کی مکمل تفصیلات الگ سے فراہم کرنا ہوں گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں