ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا، نواز شریف کا گلگت بلتستان میں انتخابی جلسے سے خطاب

گلگت: مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں شروع ہونے والے نئے منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت سی پیک کا مرکز ہے مگر اسے ترقی کے سفر میں نظر انداز کیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ گلگت کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں دیکھ کر انہیں شدید دکھ ہوتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مانسہرہ سے گلگت تک کی سڑک اب تک کیوں مکمل نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبے صرف ان کی جماعت نے ہی مکمل کیے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کسی صورت قبول نہیں۔ وہ جلد شہباز شریف سے بات کر کے بجلی کے مسائل حل کروائیں گے۔

نواز شریف نے وعدہ کیا کہ طلبہ کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے۔

انہوں نے اپنے گزشتہ دور اقتدار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دیامر بھاشا ڈیم کے لیے سو ارب روپے فراہم کیے تھے لیکن افسوس کہ ڈیم آج تک مکمل نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی حکومت ہوتی تو آج یہ تمام مسائل پیدا ہی نہ ہوتے۔

اپنے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انہیں بار بار دیس نکالا دیا گیا اور جیلوں میں ڈالا گیا۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ انہیں ملک سے نکالنے کا کچھ قصور عوام کا بھی ہے کیونکہ انہوں نے اس پر آواز نہیں اٹھائی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی سیاسی جماعت پر تنقید یا برائی کر کے ووٹ نہیں مانگتے بلکہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوامی حمایت کے طلبگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اسپتال اور ہائیڈل پاور پلانٹس سمیت دیگر تمام تر ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) نے ہی کروائے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ اگر گلگت میں ان کی حکومت بنی تو وہ ہر دوسرے یا تیسرے مہینے یہاں کا دورہ کریں گے۔ ان کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار کے ساتھ وقت پر تکمیل کے مراحل طے کر سکیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں