اسلام آباد: حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران ملک بھر میں 20 لاکھ نئی ملازمتیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور ملکی معیشت میں استحکام لانے کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 18 لاکھ افراد کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ اب حکومت اس رفتار کو مزید تیز کرنا چاہتی ہے تاکہ ملکی لیبر مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے دباؤ کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔
مستقبل کے منصوبے کے تحت سب سے زیادہ روزگار کے مواقع خدمات کے شعبے میں پیدا کیے جائیں گے جہاں 11 لاکھ نئی آسامیاں تخلیق ہوں گی۔ اس کے علاوہ صنعتی شعبے میں 5 لاکھ اور زراعت کے شعبے میں 4 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
حکومتی حکام نے کہا ہے کہ روزگار کی فراہمی کا یہ بڑھتا ہوا رحجان ایک جامع معاشی نمو کو سہارا دے گا۔ ایسے اقدامات سے نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لیے وسیع البنیاد اقتصادی بنیادیں بھی فراہم ہوں گی۔
وفاقی اور صوبائی سطح پر جاری روزگار کے مختلف پروگرام لیبر مارکیٹ میں شرکت، کاروباری مواقع، تکنیکی مہارتوں کی فراہمی اور ملازمتوں کے لیے موزوں امیدواروں کے انتخاب کے نظام کو مزید مستحکم کریں گے۔ اس حکمت عملی کا بنیادی مقصد نجی و سرکاری شعبے میں ایسی ہم آہنگی پیدا کرنا ہے جس سے تعلیم یافتہ افراد کو بروقت روزگار مل سکے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق حکومت کا یہ ہدف اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صنعتی اور زرعی شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ان شعبوں کی ترقی سے براہ راست روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے، جس سے ملکی معیشت کے لیے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور بے روزگاری کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔