اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک، ژالہ باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش جبکہ چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان کے اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامیر، گھانچے، استور، شگر اور کھرمنگ جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
ادارے کے مطابق ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے۔ قراقرم ہائی وے، ناران روڈ، جگلوٹ-اسکردو روڈ، شگر ویلی روڈ اور دیوسائی روڈ پر مٹی اور پتھر گرنے کے باعث ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔