ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آزاد کشمیر کی صورتحال مذاکرات سے حل ہونی چاہیے، چیئرمین بلاول زرداری

اسلام آباد: پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات، سیاسی مشاورت اور جمہوری عمل کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

چیئرمین بلاول زرداری کی زیر صدارت آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال، حالیہ پیش رفت اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، سیاسی معاملات کو بات چیت اور جمہوری فورمز کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس امر پر زور دیا گیا کہ کشیدگی اور محاذ آرائی کے بجائے افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کیا جائے، سیاسی مسائل کا پائیدار حل قانون ساز اسمبلی اور سیاسی مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ایک اہم ملاقات متوقع ہے جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اس اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد آئندہ سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس میں پیپلزپارٹی شعبۂ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔ پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے قیادت کو حالیہ صورتحال سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں اور سیاسی استحکام کے لیے اپنی آراء سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے، سیاسی معاملات کا حل طاقت یا تصادم میں نہیں بلکہ مذاکرات اور جمہوری عمل میں مضمر ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے تاکہ آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال کا حل بات چیت اور قانون ساز اسمبلی کے فورم کے ذریعے نکالا جا سکے، تمام فریقین کو ساتھ لے کر سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کے حل کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں