ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات: غیر حتمی نتائج میں پیپلز پارٹی کی برتری

گلگت بلتستان: گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں ووٹنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، پیپلز پارٹی سب سے آگے ہے، جبکہ آزاد امیدواروں نے بھی کئی اہم نشستیں حاصل کر کے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی مختلف حلقوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

غیر حتمی اعداد و شمار کے مطابق 24 میں سے اب تک 19 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن کے مطابق پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ آزاد امیدواروں نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، مسلم لیگ (ن) 3 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ مجلس وحدت مسلمین نے ایک نشست جیت لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے حلقہ جی بی اے 1، 4، 5، 7، 9، 10، 11، 12 اور 19 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جی بی اے 1 گلگت کے تمام 80 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار امجد حسین نے 10 ہزار 594 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محمد شفیق الدین 6 ہزار 312 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 3 گلگت کے مکمل غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید سہیل عباس 7 ہزار 877 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر ایڈووکیٹ 7 ہزار 361 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

اسی طرح جی بی اے 4 نگر 1 میں پیپلز پارٹی کے محمد علی اختر نے 7 ہزار 654 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ اسلامی تحریک پاکستان کے محمد ایوب وزیری 6 ہزار 597 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 5 نگر 2 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ذوالفقار علی مراد نے 2 ہزار 705 ووٹ لے کر نشست اپنے نام کی جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے ریاض اکبر 2 ہزار 584 ووٹ کے ساتھ قریبی مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہے۔

ہنزہ کے حلقہ جی بی اے 6 میں آزاد امیدوار نیک نام کریم 6 ہزار 360 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے امتیاز الحق دوسرے نمبر پر رہے۔

اسکردو کے حلقوں میں بھی سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ جی بی اے 7 اسکردو ون میں پیپلز پارٹی کے سید توقیر مہدی 4 ہزار 295 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے راجہ جلال 3 ہزار 849 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 9 اسکردو 3 کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے فدا محمد ناشاد 6 ہزار 314 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آئی پی پی کے وزیر محمد سلیم 6 ہزار 106 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

دیامر کے حلقوں میں بھی آزاد امیدواروں نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ جی بی اے 16 دیامر 2 کے مکمل نتائج کے مطابق آزاد امیدوار امام مالک 6 ہزار 320 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے عطا اللہ 6 ہزار 296 ووٹ کے ساتھ انتہائی قریبی فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی اے 18 دیامر 4 میں مسلم لیگ (ن) کے ملک کفایت اللہ 5 ہزار 521 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آئی پی پی کے حاجی گلبرگ خان 4 ہزار 916 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

استور کے حلقوں میں مسلم لیگ (ن) نے دو نشستیں حاصل کیں۔ جی بی اے 13 استور ون سے رانا فرمان علی اور جی بی اے 14 استور ٹو سے رانا محمد فاروق کامیاب قرار پائے۔

غذر کے حلقوں میں بھی کانٹے دار مقابلہ جاری رہا۔ جی بی اے 20 غذر 2 کے مکمل غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عبدالجہان 6 ہزار 917 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے نذیر احمد 6 ہزار 758 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں