ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ایچ ون بی ویزا پالیسی پر ٹرمپ کا اختیارات سے تجاوز، امریکی عدالت کا تاریخی فیصلہ

واشنگٹن: امریکی وفاقی عدالت نے غیر ملکی ماہرین کو جاری کیے جانے والے ایچ ون بی ویزا پر ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ بھاری فیس کی شرط کو غیر قانونی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکی قانون اور حکومتی اختیارات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق وفاقی ڈسٹرکٹ جج لیو سوروکین نے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اس پالیسی کے نفاذ کے لیے کانگریس کی منظوری حاصل نہیں کی جو کہ براہ راست اختیارات سے تجاوز ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ایک لاکھ ڈالر کی رقم دراصل ٹیکس ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کی 20 ریاستوں نے ستمبر میں اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا تھا جن کا موقف تھا کہ اتنی بڑی رقم کا مطالبہ غیر قانونی ہے۔ جج نے اپنے 42 صفحات پر مشتمل فیصلے میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے بنیادی طور پر ٹیکس قرار دیا ہے۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی کے شعبے نے عدالتی فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عدالتی فعالیت قرار دیا ہے۔

حکومتی عہدیداران کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملکی انتظامی امور میں مداخلت کے مترادف ہے جس سے ان کی ویزا پالیسیوں پر عمل درآمد میں رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ ایچ ون بی ویزا پروگرام کا آغاز 1990 میں کانگریس کی منظوری سے ہوا تھا جس کا مقصد امریکا میں قائم کمپنیوں کو مختلف شعبوں کے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے میں مدد دینا تھا۔ یہ ویزا پروگرام عارضی نوعیت کا ہے جو 6 سال تک جاری رہتا ہے۔

کانگریس نے اس پروگرام کے تحت سالانہ 65 ہزار ویزا کا کوٹہ مقرر کیا ہے جبکہ اعلٰی تعلیمی ڈگری رکھنے والوں کے لیے مزید 20 ہزار ویزا مختص ہیں۔ اس سے قبل کمپنیاں ان درخواستوں کے لیے 1700 سے ساڑھے 4 ہزار ڈالر تک فیس ادا کرتی تھیں جو کہ قانونی دائرہ کار میں تھی۔

ٹرمپ انتظامیہ نے اس فیس کو یکدم بڑھا کر ایک لاکھ ڈالر کرنے کا متنازع فیصلہ کیا تھا جسے اب عدالت نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ ان ہزاروں غیر ملکی ملازمین کے لیے بڑا ریلیف ہے جو امریکی اداروں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ویزا مسائل سے دوچار تھے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں