کشتواڑ پولیس نے ایس پی او قتل کیس حل کرلیا، دو ملزمان گرفتار

کشتواڑ/کشتواڑ پولیس نے لاپتہ اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) بشیر احمد کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس پی او کی لاش ترہگام کے جنگلاتی علاقے میں ایک گڑھے سے برآمد ہوئی تھی۔
جاری ایک بیان کے مطابق، پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایس پی او بشیر احمد 15 اکتوبر کو ترہگام پولیس پکٹ سے اپنی سروس رائفل سمیت لاپتہ ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے متعدد پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
ترجمان کے مطابق، 16 اکتوبر کو تلاشی کارروائی کے دوران پولیس نے پہلے ایس پی او کی سروس رائفل برآمد کی، جس کے بعد ترہگام جنگلات کے علاقے میں واقع سرن وانی کے مقام پر ایک نالے میں کھودے گئے گڑھے سے ان کی لاش برآمد کی گئی۔
لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 103(1) کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران دو مشتبہ افراد، بشیر احمد ڈار ولد عبدالعزیز ڈار اور نذیر احمد ڈار ولد بشیر احمد ڈار، ساکنان سرن وانی، ترہگام، کی شناخت کی گئی، جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق، ملزمان سے پوچھ گچھ کے دوران قتل کی سازش اور اس کے محرکات کا انکشاف ہوا، جبکہ ملزمان کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار اور مقتول کی چھپائی گئی دیگر اشیاء بھی برآمد کرلی گئیں۔پولیس نے بتایا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں