ضلع کچہری راولپنڈی میں افسوس ناک واقعہ، سینئر وکیل نے من پسند فیصلہ نہ دینے پر سول جج ملک علی میراں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
سینئر وکیل اسلم نیازی نے چیمبر میں جاکر جج پر تشدد کیا، گلاس مارنے سے جج کا سر پھٹ گیا جنہیں موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن اصغر علی نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس چوکی انچارج پولیس نفری بھی پہنچ گئی، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور سینئر وکلاء راضی نامہ کے لئے سرگرم ہوگئے تاہم راضی نامہ کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔
تھانہ سول لائن پولیس نے عدالتی عملے کی درخواست پر وکیل اسلم خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی، ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے سینئر جج جسٹس صداقت علی خان نے بھی واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وکیل کو اپنے خلاف گزشتہ روز سوموار کو کئے جانے والے فیصلے پر غصہ تھا، وکیل کی جانب سے تشدد کے دوران عدالتی عملے نے کوئی مداخلت نہیں کی۔
سول جج ملک علی میراں پر وکیل کے تشدد کیخلاف ضلع راولپنڈی کے سول و فیملی ججز نے قلم چھوڑ ہڑتال کردی۔ تمام سول ججز زخمی سول جج ملک علی میراں چیمبر پہنچ گئے اور انکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔