اینڈرائیڈ فونز میں نئی اپ ڈیٹ : حقیقت جان کر صارفین حیران

اینڈرائیڈ صارفین کی بہت بڑی تعداد ان دنوں اپنے اسمارٹ فونز میں ایک غیر متوقع اپ ڈیٹ دیکھ کر حیران ہیں کہ فون میں 2027 کا اپ ڈیٹ کیسے آگیا؟

سام سنگ، ون پلس اور موٹرولا سمیت مختلف کمپنیوں کے فونز میں گوگل پلے سسٹم اپ ڈیٹ کی تاریخ یکم جنوری 2027 ظاہر ہورہی ہے، جس نے صارفین کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا کہ کہیں ان کے فونز کو مستقبل کا سافٹ ویئر تو موصول نہیں ہوگیا۔

تاہم ماہرین کے مطابق اس معاملے میں پریشان ہونے یا اسے کسی خفیہ فیچر یا تجرباتی سافٹ ویئر سے جوڑنے کی ضرورت نہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جنوری 2027 کی تاریخ دراصل گوگل کے سرورز پر موجود بیک اینڈ میٹا ڈیٹا میں پیدا ہونے والی ایک معمولی خرابی کا نتیجہ ہے، جس کے باعث موجودہ اپ ڈیٹ پیکیج کے ساتھ غلط تاریخ ظاہر ہورہی ہے۔

Update Android Phones

متاثرہ ڈیوائسز پر عموماً 90 سے 190 میگا بائٹ تک کا اپ ڈیٹ ڈاؤن لوڈ ہورہا ہے، تاہم اس میں کسی مستقبل کے آپریٹنگ سسٹم یا خفیہ فیچر کے بجائے معمول کے سکیورٹی پیچز شامل ہیں۔ اس خرابی کا بنیادی اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی کارکردگی یا سکیورٹی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اپ ڈیٹ انسٹال کرنے والے صارفین نے بھی تاحال کسی قسم کی بڑی فنی خرابی، ایپ کریش یا فون کی کارکردگی متاثر ہونے کی اطلاع نہیں دی ہے۔

گوگل کے سسٹم سروسز کے آفیشل ریلیز ریکارڈز میں بھی جنوری 2027 کے کسی سکیورٹی پیچ کا ذکر موجود نہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ظاہر ہونے والی تاریخ محض ایک نام کی غلطی ہے۔

صارفین اپنے فون کی اصل سکیورٹی اپ ڈیٹ کی تاریخ جاننے کے لیے سیٹنگز میں جاکر اباؤٹ فون اور پھر سافٹ ویئر انفارمیشن کھول سکتے ہیں۔

وہاں موجود اینڈرائیڈ سکیورٹی پیچ لیول فون کی حقیقی سکیورٹی صورتحال کی زیادہ درست عکاسی کرتا ہے، جبکہ گوگل پلے سسٹم اپ ڈیٹ پر دکھائی دینے والی جنوری 2027 کی تاریخ کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔

توقع ہے کہ گوگل سرورز کی جانب سے اس تاریخ کی خرابی کو درست کرنے کے لیے ضروری اصلاح جلد جاری کردی جائے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں