کابینہ میں جگہ نہ ملنے پر مبارک گل کے حامیوں کا نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر پر احتجاج

سری نگر/جموں و کشمیر کابینہ میں توسیع کے چند گھنٹوں بعد منگل کو نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما مبارک احمد گل کے حامیوں نے سری نگر کے نوائے صبح کمپلیکس میں واقع پارٹی ہیڈکوارٹر پر احتجاج کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے کابینہ میں شامل نہ کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
یہںاحتجاج نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا گیا، جہاں پارٹی کارکنان نے مبارک گل کو وزارت سے محروم رکھے جانے پر اپنی ناراضگی ظاہر کی۔
احتجاج میں شامل حامیوں کا کہنا تھا کہ مبارک گل پارٹی کے ایک سینئر اور تجربہ کار رہنما ہیں اور وہ کابینہ میں جگہ دیے جانے کے مستحق تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پیر کی دیر رات تک وزراء کی فہرست میں مبارک گل کا نام شامل تھا، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر آخری وقت میں انہیں فہرست سے خارج کر دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ مبارک گل اس سے قبل بھی بار بار کابینہ میں شامل نہ کیے جانے پر اپنی مایوسی کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ تقریباً 30 مرتبہ وزراء کی حلف برداری کی تقریبات میں شرکت کر چکے ہیں، لیکن اب تک انہیں وزیر نہیں بنایا گیا۔
مبارک احمد گل چھ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عیدگاہ اسمبلی حلقے کی نمائندگی 1983، 1996، 2002، 2008، 2014 اور 2024 میں کی ہے۔
کابینہ میں شامل نہ کیے جانے پر مبارک گل کی ناراضگی سامنے آنے کے بعد نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں پارٹی تنظیم کا جنرل سیکریٹری مقرر کیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں