وزیراعظم اور جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات، پیٹرولیم لیوی پر کمیٹی قائم

اہم پیش رفت، حکومت کو 10 روز کی مہلت دے دی، نومبر کے وسط میں اسلام آباد مارچ کا اعلان

October 27, 2026 · اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف سے جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس کا منظر

وزیراعظم شہباز شریف سے جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس کا منظر

وزیراعظم شہباز شریف سے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں ایک وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور مشیر وزیراعظم رانا ثناءاللہ بھی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت نے ہم سے مزید 7 سے 10 دن کا وقت مانگا ہے اور پیٹرولیم ریلیف کا دائرہ وسیع کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت میں ریلیف کا پیکج نہ ملا تو نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی طرف تاریخی مارچ کیا جائے گا اور بات سڑکوں پر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پیٹرولیم لیوی کو بھتہ ٹیکس سمجھتے ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔

سرکاری اعلامیے اور خبر رساں اداروں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے۔ موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے، تاہم مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ اب تک 1 کروڑ 27 لاکھ افراد کم آمدن طبقے کے لیے جاری پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے 3، 3 ارکان پر مشتمل ایک مشترکہ تکنیکی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ یہ کمیٹی عوام کے لیے پیٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے اور پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے بجٹ سے متعلق قابلِ عمل تجاویز مرتب کر کے اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ حکومتی اراکین میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، احسن اقبال اور رانا ثناءاللہ کو نامزد کیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں