لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کا تجارتی خسارہ35 فیصد کم ہوگیا ہے روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی کے باوجود برآمدات میں صرف2.7 فیصد اضافہ ہواتاہم درآمدات میں ساڑھے بیس فیصد کمی نے تجارتی خسارہ کم کردیا ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اشیاء کی بیرونی تجارت میں پاکستان کو5ارب72کروڑ70لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے14کروڑ80 لاکھ ڈالر زیادہ ہے جبکہ درآمدات پر11 ارب24کروڑ90لاکھ ڈالر خرچ ہوئے جو پہلے سے2ارب92 کروڑ ڈالر کم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر کی برآمدات اگست کے مقابلے میں5فیصد کم اور درآمدات1.4 فیصد زیادہ رہیں جس کے باعث ستمبر کا تجارتی خسارہ اگست سے8فیصد زیادہ رہا تاہم تین ماہ کے مجموعی تجارتی خسارے میں کمی ریکارڈ کی گئی ماہرین کے مطابق درآمدی بل میں کمی بنیادی طور پر ادھار تیل ملنے اور مشینری اور گاڑیوں کی درآمد میں کمی کی وجہ سے ہورہی ہے۔

