زائد نرخ وصول کرنیوالے 118 دکانداروں کیخلاف مقدمات‘4 لاکھ 32 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا
ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں 25ستمبر سے 15اکتوبر تک کارروائیاں کی گئیں، افتخارشالوانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)زائد نرخ وصول کرنیوالے 118 دکانداروں کیخلاف مقدمات‘4 لاکھ 32 ہزار جرمانہ۔کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر کمشنر کراچی آفس وسیم الدین نے شہر میں بڑھتی ہوئی اشیاء نرخ کے سلسلے میں ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکر دودھ، مرغی، بیکری، فروٹ، سبزیوں، گوشت ، آٹے کی ملوں اور عام خورو نوش اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور زائد نرخ وصول کرنے پر 25 ستمبر سے 15 اکتوبر تک تقریبا 118 گراں فروشوں کے خلاف کیسز درج کئے اور 432500 روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ کمشنر کراچی افتخارشالوانی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنر و دیگر فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی انتظامی و علاقائی حدود میں گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کریں اور زائد نرخ کو نظر میں رکھ کر قانونی کارروائی بھی کریں۔

