English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گٹکا بنانے والوں کی جائیدادیں ضبط اور کھانے والوں کی گرفتاری کا فیصلہ

القمر

 

منہ کےکینسر سمیت خطرناک امراض کا  سبب بننے والے انتہائی مضر صحت گٹکے کی تیاری فروخت اور استعمال پر سندھ حکومت نے قانون سازی کا فیصلہ کرلیا اس حوالے سے سندھ اسمبلی میں گٹکے کے استعمال، بنانے، ذخیرہ اور فروخت کرنے کے خلاف بل پیش کردیا گیاہے۔

سندھ اسمبلی میں پیش کیے گئے بل میں گٹکا کھانے پر ایک سے 6 سال کیلئے جیل بھیجنے اور ایک سے 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

بل میں عوامی مقامات، کالجز، اسکول اور اسپتالوں میں گٹکے کے استعمال اور فروخت ممنوع قرار دی گئی ہے۔صوبے میں پہلے ہی  گٹکے کی خریدو فروخت پر پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود گٹکا سرعام فروخت کیا جاتا ہے۔

سندھ اسمبلی میں قانون سازی پر وزیر اطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ گٹکےکی فروخت پر پابندی ہے لیکن عمل درآمد نہیں ہوتا لہٰذاس پر باقاعدہ قانون بنا رہے ہیں، نئے قانون کے مطابق گٹکا تیار کرنے والوں کی نہ صرف فیکٹریاں بند کرکے انھیں سرکاری تحویل میں لے لیا جائے گا بلکہ گٹکا بنانے والوں کی جائیدادیں  بھی ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بل کے مطابق گٹکا بنانے اور فروخت کرنے والوں کے گھروں میں بنا وارنٹ چھاپے بھی مارے جاسکیں گے، صوبے میں گٹکے کا کاروبار انتہائی منافع بخش سمجھا جاتا ہے اور اس میں ملوث افراد یومیہ لاکھوں روپے کماتے ہوئے ارب پتی بن چکے ہیں اسی لیئے اس مذموم کاروبار کو جاری رکھنے کیلئے پولیس اور دیگر اداروں کو بھاری بھتے دیئے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ صوبے بھر میں گٹکے کی فروخت پولیس سرپرستی میں زور وشور سے جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے