English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ کشمیر میں تدریسی عمل تاحال معطل ، نصاب مکمل نہیں ہوا اور ڈیٹ شیٹ آگئی

القمر

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو اڑھائی ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اس دوران نہ صرف مقبوضہ وادی میں معمولات زندگی مفلوج ہیں بلکہ  تعلیمی اداروں میں بھی طلبا کی حاضری  نہ ہونے کے برابر ہے ۔انتظامیہ نے کالج سطح کے ادارے کھولنے کا اعلان تو کیا ہے لیکن دوسری طرف نجی تعلیمی اداروں کی طرف سے طلبا کو تعلیمی اداروں میں آنے کی بجائے مخصوص اوقات کار میں  سلیبس حاصل کرنے کے لئے مقامی اخبارات میں اشتہارات بھی  دیے جا رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی مطابق تعلیمی اداروں میں عملہ توموجود ہوتا ہے لیکن طلبا نہیں آتے ۔

محمد رئیس نامی ایک والد کے مطابق میں  روزانہ مقامی اخبارات میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے بچوں کو اسکول بھیجنے کے بجائے سلیبس حاصل کرنے کے اشتہارات شائع ہوتے دیکھ رہا ہوں ۔ محمد رئیس کے بقول ‘مقبوضہ وادی کی انتظامیہ نے اسکول کھولنے کا اعلان کیا ہے لیکن اسکولوں کی انتظامیہ کی طرف سے اشتہارات میں والدین کو مقررہ اسکول اوقات میں طلبا کو اسکول بھیجنے کی بجائے صبح دس بجے تک اسکول پہنچنے کی ہدایات ہوتی ہیں جبکہ نصابی مواد حاصل کرنے والے اشتہارات کی بھرمار ہوتی ہے۔

ایک طالب علم مقتدیٰ مہدی کے بقول ‘جب انتظامیہ نے اسکول کھولنے کا اعلان کیا تھا تو میں پریشان ہوا ۔ بعد ازاں جب اگلے دن اسکول انتظامیہ کی طرف سے اشتہار دیکھا جس میں تدریس کے لیے اسکول آنے کی بجائے سلیبس حاصل کرنے کو کہا گیا تھا تو میں خوش ہوا کیونکہ کم سے کم اسکول نہیں جانا پڑے گا ۔

شبیر نامی ایک والد کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے نصابی مواد کی تقسیم اور تیاری پیسہ اینٹھنے کی جانب نیا قدم ہے  جب کلاسز کے آ غاز میں ہی امتحان تک تمام نصاب فراہم کر دیا جاتا ہے توپھر یہ نئی مشق کرنے کا فائدہ کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسکول بند ہونے کی صورت میں نئی پڑھائی تو ہوئی نہیں ایسے میں طلبا نصابی مواد حاصل کرکے کیا کریں گے ۔والدین  کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسکول والے نصابی مواد کو کافی مہنگے داموں میں فروخت کررہے ہیں ۔

واضح  رہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں گذشتہ اڑھائی  ماہ سے زائد عرصہ سے کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے مقبوضہ وادی کے تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل ہیں۔ طلبہ اس دوران کچھ بھی پڑھ نہیں سکے جس کی وجہ سے ان کا آدھے سے زیادہ نصاب رہ گیا ہے۔

ان تمام حالات کے باوجود جموں کشمیر بورڈ نے دسویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات کے لئے ڈیٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈیٹ شیٹ کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات 29اکتوبر سے لے کر 16نومبر جبکہ بارہویں جماعت کے امتحانات 30اکتوبر سے لے کر 28نومبر تک جاری رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے