English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

٭ گھی اب سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا ٭ کراچی کے تاجروں نے پریشر گروپ تشکیل دے دیا

تاجر ہر قسم کا ٹیکس ادا کرنے کے باوجود جائز سہولیات سے محروم ہیں، عتیق میر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے تاجروں نے حکومت سندھ اور اس کے ماتحت عوامی خدمت کے اداروں کی فعالیت کے لیے پریشر گروپ تشکیل دے دیا، مارکیٹوں کے مسائل کے حل کے لیے تحریری درخواست، ملاقات اور پھر احتجاجی حکمت عملی اختیار کی جائے گی، حکومت سندھ اور اس کے ماتحت اداروں کی غفلت، لاپروائی اور بدعنوانی کے خلاف کراچی کے تاجر اب خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کریں گے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کی تشکیل نو کے بعد اللہ والا کلاتھ مارکیٹ میں آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی زیر صدارت تاجر نمائندگان کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں عتیق میر نے اپنے خطاب میں کہاکہ تاجر برادری شہر کا سب سے زیادہ مظلوم طبقہ ہے جو ہر قسم کا ٹیکس ادا کرنے کے باوجود ہر جائز سہولت سے محروم ہے، انہوں نے کہاکہ گھی اب سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا تاجروں کو اپنے جائز حقوق کے لیے ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔ ثابت ہو گیا کہ سرکاری ادارے لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانیں گے، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ معمولی کاموں کی تکمیل کے لیے بھی احتجاج اب شہر کا کلچر بن گیا ہے، بدعنوان سرکاری ادارے اپنے فرائض سے مکمل طور پر غافل اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ اجلاس میں شریک شہر کی مرکزی تاجر تنظیموں کے نمائندگان آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا، کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان، اولڈ سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ عالم، کراچی موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر احسان گجر، جامع الائنس مارکیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ ارشاد، الائنس آف آرام باغ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین آصف گلفام، گل پلازہ مینجمنٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین تنویر پاستا، سندھ آٹو پارٹس اسکریپ امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد علی قریشی، دی سینٹر شاپنگ مال مینجمنٹ کمیٹی کے صدر الطاف لالہ، جوڑیا بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالقادر نورانی، گلاس ٹاور ایسوسی ایشن کلفٹن کے صدر رضوان زواری اور دیگر نے کراچی کی انتظامی صورتحال کو انتہائی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے حکومت سندھ اور اس کے ماتحت اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی ذمہ داریاں اور فرائض ایمانداری سے ادا کریں، دیگر صورت میں تاجروں کے لیے اپنے جائز مطالبات کے حق میں احتجاج کے سوا کوئی چارہ کار نہیں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے