تعمیراتی پرمٹس، بجلی کے حصول، پراپرٹی کی رجسٹریشن، ٹیکسوں کی ادائیگی اور سرحد پار تجارت میں بہتری آئی ،عالمی بینک
ایک اور وعدہ پورا ہو گیا ، وزیر اعظم ، وفاق،سندھ ، پنجاب کا اہم کردار ،کنٹری ڈائریکٹر ،مزید بہتری دکھائینگے ، عبدالرزاق داؤد
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی بینک کی کاروبار کے حوالے سے سالانہ رپورٹ میں پاکستان 108 ویں نمبر پر آگیا جبکہ بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا۔ عالمی بینک (ڈبلیو بی)کی ڈوئنگ بزنس رپورٹ 2020 کے مطابق پاکستان کاروبار میں آسانی کی درجہ بندی میں 28 درجے بہتری کیساتھ 136 ویں سے 108 ویں نمبر پر آگیا ہے ، پاکستان کاروباری اصلاحات کرنیوالے 10 بڑے ممالک کی فہرست میں بھی شامل ہو گیا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی بینک کی کاروبار کے حوالے سے رپورٹ میں پاکستان نے اتنی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا ڈوئنگ بزنس اسکور 55.31 سے بڑھ کر 61 ہو گیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان ضابطہ جاتی ماحول اور عالمی سطح پر رائج معیاری طریقہ کار کے درمیان خلیج کو کم کرنے میں مسلسل کام کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 6 اشاریوں میں رینکنگ میں بہتری آئی ہے ،جن میں کاروبار، تعمیراتی پرمٹس، کاروبار کیلئے بجلی کے حصول، پراپرٹی کی رجسٹریشن، ٹیکسوں کی ادائیگی اور سرحد پار تجارت شامل ہے۔ اسی طرح 7 اشاریوں میں پاکستان کے اسکور میں اضافہ ہوا ہے جن میں کاروبار، تعمیراتی پرمٹس، کاروبار کیلئے بجلی کے حصول، پراپرٹی کی رجسٹریشن، ٹیکسوں کی ادائیگی اور سرحدوں کے آر پار تجارت اوراقلیتی سرمایہ کاروں کا تحفظ شامل ہے۔ پاکستان کے علاوہ جن ممالک نے اس رینکنگ میں بہتری دکھائی ہے ان میں سعودی عرب، اردن ، ٹوگو، بحرین، تاجکستان، کویت، چین، بھارت اور نائیجیریا شامل ہیں۔ عالمی بینک کی کاروبار کے حوالے سے 2020 کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طورپر پاکستان کی رینکنگ میں 28 درجے بہتری آئی ہے ، گزشتہ سال اس رینکنگ میں پاکستان کا نمبر 136واں تھا جبکہ رواں سال 108 ویں نمبرپر آگیا۔کاروبار کے آغاز کے ضمن میں اصلاحات کے اشاریے میں پاکستان 72 ویں نمبر پر ہے ، گزشتہ سال پاکستان کی رینکنگ میں 130 ویں پوزیشن تھی۔ تعمیراتی پرمٹس کے حوالے سے اصلاحات کی رینکنگ میں پاکستان 112 ویں نمبر پر ہے ، گزشتہ سال پاکستان اس رینکنگ میں 166 ویں پوزیشن پر تھا۔ بجلی کنکشن کے حصول میں گزشتہ سال پاکستان 167ویں نمبرپر تھا رواں سال پاکستان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پاکستان 123 ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔ پراپرٹی کی رجسٹریشن میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں پاکستان کی رینکنگ میں 10 درجے بہتری آئی ہے۔ ٹیکسوں کی ادائیگی کے حوالے سے پاکستان کی پوزیشن میں 22 درجے بہتری آئی ہے۔ گزشتہ سال اس رینکنگ میں 173 ویں نمبر پر تھا رواں سال 161ویں نمبرپر ہے۔ سرحد پار تجارت کے حوالے سے اصلاحات میں بھی پاکستان نے نمایاں بہتری دکھائی ہے گزشتہ سال اس رینکنگ میں 142 ویں نمبر پر تھا رواں سال 111ویں نمبرپر آگیا ہے۔

