کراچی سے جانے والے 10 ہزار سے زائد کنٹینرز میں اشیائے خورد و نوش اور ادویات بھی موجود ہیں
سیاسی مقاصد کے حصول کی خاطر ملک کی برآمدات اور تجارت کو نشانہ نہ بنایا جائے، ایکسپورٹرز
کراچی(کامرس رپورٹر)ملک میں دھرنا فیشن شروع ہوتے ہی کنٹینر کا بحران سنگین ہوگیا،کنٹینرز کی قلت کے باعث ملکی برآمدات بھی بری طرح سے متاثر ہوئی ہیں جبکہ دھرنے کو روکنے کیلئے بہت سے ایسے کنٹینرز بھی گرفت میں لے لئے گئے ہیں جن میں کھانے وپینے کے استعمال کی اشیاء اور کیمیکلز موجود ہیں۔ترجمان گڈز ٹرانسپورٹرز امداد نقوی نے کہا ہے کہ کراچی سے لوڈ ہوکر جانے والے10 ہزار سے زائد کنٹینرز پکڑ لئے گئے ہیں،کنٹینرز میں اشیائے خوردونوش اور ادویات موجود ہیں اور اگران کنٹینرز کو فوری نہ چھوڑا گیا تو ملک میں اشیائے خوردونوش کی قلت کا بحران ہوسکتا ہے۔امداد نقوی نے کہا کہ ہمارا کاروبار تباہ ہورہا ہے اور ایسی صورتحال میں حکومت فوری طور پر پکڑے گئے کنٹینرز کو چھوڑنے کے احکامات دے،دھرنا شروع ہونے کے بعد اس صورتحال کو کنٹرول کرنا آسان نہیں ہوگا۔ دوسری جانب ایکسپورٹرز کی جانب سے بھی دھرنے کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے برآمدی مصنوعات کے کنٹینرز کوتحویل میں لئے جانے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ سیاسی مقاصدکے حصول کی خاطر ملک کی برآمدات اور تجارت کو نشانہ نہ بنایا جائے اور برآمدی و تجارتی کنٹینرز کو چھوڑا جائے۔

