اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سندھ اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں آمنے سامنے
وائس کپتان اسد شفیق ایک رائونڈ کھیلنے کے بعد آسٹریلیا روانہ ہوجائیں گے، ذرائع
کراچی(اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے والے سابق کپتان سرفراز احمد قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی کپتانی کیلئے رضا مند ہوگئے۔ سرفراز احمد نے دوبارہ سندھ ٹیم کی قیادت سنبھال لی ہے۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سندھ اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ جہاں ایک بار پھر سرفراز بطور قائد اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسد شفیق ایک رائونڈ کھیلنے کے بعد آسٹریلیا چلے جائینگے۔ اس لئے ٹیم انتظامیہ کے قائل کرنے پر سرفراز احمد سندھ کی کپتانی پر راضی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے کپتانی کے بطور وکٹ کیپر کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کی جگہ بابر اعظم کوئی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان اور اظہر علی کو ٹیسٹ اسکواڈ کی قیادت دینے کے بعد سرفراز احمد کو دوبارہ دورہ آسٹریلیا سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا۔ سرفراز احمد نے اب ساری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر مرکوزکر دی ہے۔ وہ سندھ ٹیم کے قیادت کرنے کے ساتھ بطور پرفارمر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ سرفراز احمد کے ساتھ اس میچ میں اسد شفیق نائب کپتان رہیںگے۔

