سری نگر/ وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے واضح کیا ہے کہ صحت کے نظام میں جوابدہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مریضوں کے علاج میں کسی بھی قسم کی غفلت، ڈیوٹی میں کوتاہی یا غیر ضروری تاخیر پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر موصوفہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے موسمِ سرما کے پیش نظر صحت اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور اس دوران عوام کو بلا تعطل بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں کو ضروری ادویات، آکسیجن اور دیگر لازمی طبی ساز و سامان کا وافر ذخیرہ دستیاب رکھنے، عملے کی مناسب تعیناتی، ایمرجنسی خدمات کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور بالخصوص کمزور و ضرورت مند مریضوں کے لیے قابلِ اعتماد ریفرل نظام یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیر صحت نے مزید کہا کہ طبی اداروں میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے باقاعدہ معائنے، نامزد نوڈل افسران کی تعیناتی اور مقررہ مدت میں خامیوں کو دور کرنے کے اقدامات بھی اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سکینہ ایتو نے واضح کیا کہ ہر سطح پر ذمہ داری طے کی جائے گی اور مریضوں کی دیکھ بھال کو متاثر کرنے والی کسی بھی کوتاہی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا، ’’مریضوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، علاج معالجے میں کوئی سمجھوتہ نہیں اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔‘‘
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments