مجموعی طو رپر ایک ارب روپے سے زائد خسارے کا سامنا ‘2018 میں176 ارب کا منافع ہوا تھا‘ رپورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی حکومت کے پہلے مالی سال کے دوران اسٹیٹ بینک بھی خسارے میں چلا گیا، اسٹیٹ بینک کو مجموعی طور پر ایک ارب روپے سے زائد کا خسارہ ہوا۔ مالی سال 2018ء میں اسٹیٹ بینک کو 176 ارب روپے منافع ہوا تھا۔ سالانہ رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کو گزشتہ مالی سال میں مجموعی طور پر ایک ارب 4 کروڑ 33 لاکھ روپے کا خسارہ ہوا۔ بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب ریکارڈ کے مطابق بینک کو ماضی میں کبھی خسارے کا سامنا نہیں کرنا پڑا، رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بینک کی سودی آمدنی 87 فیصد کے اضافے سے 546 ارب 19 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ روپے کی بے قدری کے باعث بینک کو 506 ارب 13 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ نئے نوٹ اور انعامی بانڈز کی چھپائی پر 11 ارب 42 کروڑ روپے خرچ ہوئے، مجموعی اخراجات 5 فیصد اضافے سے 50 ارب 47 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔ مالی سال 2018ء میں اسٹیٹ بینک کو روپے کی قدر میں اتار چڑھائو سے 72 ارب روپے کے نقصان کے باوجود مجموعی طور پر 176 ارب 67 کروڑ روپے کا منافع ہوا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے 5 سال کے دوران اسٹیٹ بینک کو اوسطاً سالانہ 282 ارب روپے کا منافع ہوا جبکہ پیپلز پارٹی کے 5 سالوں میں اوسطاً سالانہ منافع 199 ارب روپے رہا۔

