English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

زرداری کی صحت پر تشویش ،کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ‘بلاول بھٹو

دھرنے میں شرکت کریں یا نہیں ،بلاول نے کارکنوں ،قیادت سے پھر رائے مانگ لی
نجی ڈاکٹرز علاج کریں، آصفہ،سہولت نہ دیناسیاسی انتقام نہیں تواورکیا؟،شہباز شریف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے والد کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کردیا جبکہ ان کی بیٹی آصفہ بھٹو نے والد کا علاج نجی ڈاکٹروں سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ میں والد کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا سابق صدر زرداری تک سپیشلسٹ اورذاتی معالج کو رسائی نہیں دی گئی ان کی گرتی صحت پر ہمارے خاندان میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور تحفظات بڑھتے جارہے ہیں اگر والد کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ آصفہ بھٹو نے بھی اپنے ٹویٹ میں والد کا علاج نجی ڈاکٹروں سے کروانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا چھ ماہ سے میرے والد کو ان کے معالج سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ سابق صدردو ہفتوں سے پمز کے کارڈیک وارڈ میں زیر علاج ہیں۔آصف زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ نے کہا سابق صدر کی صحت پر پارٹی کو سخت تشویش ہے ، پرائیویٹ میڈیکل بورڈ کی تشکیل میں تاخیر سے خدشات بڑھ رہے ہیں، بورڈ میں آصف زرداری کے ذاتی معالجین کو بھی شامل کیا جائے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے حکومت ا?صف زرداری کوقانونی حقوق دینے کیلئے اقدامات کرے ،آصف علی زرداری کی شدید علالت پر گہری تشویش ہے ،علاج ان کابنیادی،قانونی اورانسانی حق ہے۔ انہوں نے کہا دوران قیدعلاج معالجہ کی سہولت نہ دیناسیاسی انتقام نہیں تواورکیا ہے ؟ اللہ تعالیٰ آصف زرداری کوصحت کاملہ عطا فرمائے۔دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل ا لرحمن کے دھرنے میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں ایک بار پھر کارکنوں اورپارٹی قیادت سے رائے مانگ لی۔بلاول بھٹو کہتے ہیں کراچی سے کشمیر تک حکومت کیخلاف ہماری احتجاجی مہم جاری ہے۔ بلاول کی سربراہی میں ملتان میں پارٹی کااعلیٰ سطح کااجلاس ہوا جس میں ڈویڑنل، سٹی اور ڈسٹرکٹ کے عہدیدار ،کارکن ، ٹکٹ ہولڈرزشریک ہوئے۔بلاول ہاؤس میں ہونیوالے اجلاس میں یوسف رضا گیلانی ،مخدوم احمد محمود ، حیدرزمان قریشی، خواجہ رضوان عالم، عبدالقادر شاہین، نوید عامر جیوا، ڈاکٹر الطاف کھوکھر اور حبیب اللہ شاکر نے بھی شرکت کی۔ بلاول نے کہا دھرنے میں شرکت کے حوالے سے کارکن رائے دیں۔ بلاول بھٹو نے کہا مولانا کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، عوام چاہتے ہیں حکمران اب گھر جائیں۔ٹی وی کے مطابق کارکنوں نے رائے دی کہ پیپلز پارٹی کو کسی کے دھرنے میں شرکت نہیں کرنی چاہئے۔بلاول نے کہا موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر بہتر فیصلہ سی ای سی اور کور کمیٹی کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے