میئرکراچی سے ابھی تک معاملے پر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن
بنیادی حقوق سے محروم ہیں، مطالبات کی منظوری کیلئے ٹال مٹول سے کام لیاجارہاہے‘ سلمیٰ کوثر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)عباسی شہیداسپتال کے ینگ ڈاکٹرزکااپنے مطالبات کے حق میں جاری احتجاج آج کو20 ویں دن میں داخل ہوجائے گا،ینگ ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں منگل کواوپی ڈیز کا علامتی بائیکاٹ کیا،ڈاکٹرزتنخواہوں اورواجبات کی عدم ادائیگی سمیت دیگرمطالبات کی عدم منظوری کے خلاف گزشتہ 19 دنوں سے سراپااحتجاج ہیں۔شہرکراچی کے تیسرے بڑے سرکاری عباسی شہید اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے منگل کوبھی اسپتال کی اوپی ڈیزکاعلامتی بائیکاٹ کیا۔ ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کاکہناتھاکہ میئرکراچی وسیم اخترکی جانب سے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی گئی تھی تاہم ابھی تک معاملے پر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ ان کاکہناتھاکہ ہمارے مطالبات میں تنخواہوں کی بروقت ادائیگی،واجبات کا اجرا اور حکومت سندھ کی جانب سے وظائف میں حالیہ اضافہ شامل ہے۔ ینگ ڈاکٹرزایسو سی ایشن کاکہناتھاکہ دیگر سرکاری اسپتالوں میں حکومت سندھ کی جانب سے وظائف میں کیا گیا حالیہ اضافہ ڈاکٹروں کو دیا جارہا ہے مگر عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹر اِس سے محروم ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے مزیدکہاکہ سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سلمیٰ کوثرکی جانب سے کہاگیاہے کہ انہوں نے میئرکراچی کوخط لکھ دیا ہے بہت جلداِس کی منظوری متوقع ہے مگرابھی تک اِس پر دستخط نہیں ہوئے ہیں۔ ہمارے مطالبات کی منظوری کے لیے ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔ینگ ڈاکٹرزبنیادی حقوق سے محروم ہیں اس لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ چند روز میں مستقبل کالائحہ عمل طے کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
