English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت کے خاتمے تک تعاقب جاری رکھیں گے‘ متحد� اپوزیشن

سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹر دونوں سے قوم تنگ آچکی ہے‘صوبائی رہنما
آر ٹی ایس کیسے اور کس نے فیل کرایا ہمیں بتایا جائے،مشترکہ پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ اپوزیشن کے صوبائی رہنمائوں نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹر دونوں سے قوم تنگ آچکی ہے،آر ٹی ایس کیسے اور کس نے فیل کرایا ہمیں بتایا جائے،ہم فری اینڈ فئیر الیکشن چاہتے ہیں،یہ کیسی نیب ہے جوایک صوبے کے کیسزز دوسرے صوبے میں چلارہی ہے،ایک کروڑ نوکری دینے کے بجائے لاکھوں لوگوں کو بے روز گار کردیا گیا،روز مرہ اشیا کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں مگر موجودہ حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی،سیاست کی شائستگی ختم ہوکرگالم گلوچ تک باقی رہ گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے مولانا راشد سومرو، پاکستان پیپلز پارٹی کے وقار مہدی ،عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید،پاکستان مسلم لیگ ن کے علی اکبر گجر، جے یوپی کے مفتی محمد غوث صابری،پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے نذیر جان،جمعیت اہلحدیث کے مولانا محمد یوسف قصوری،نیشنل پارٹی کے محمد رمضان میمن، قومی وطن پارٹی کے عبدالقیوم ایڈووکیٹ ودیگر نے جمعہ کو کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل سندھ کی 9سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میںصوبائی سطح پر سندھ میں رہبرر کمیٹی تشکیل دی گئی۔9 سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جے یو آئی کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کی صدارت میں کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ آل پارٹیز کانفرنس میں 9 اپوزیشن جماعتوں کے صوبائی قائدین نے شرکت کی۔ جس میںاپوزیشن رہنماو?ں نے واضح کیا کہ دھاندلی کی بیساکھی پر قائم حکومت کی جڑیں تاریخ ساز آزادی مارچ نے ہلا کر رکھ دی ہیں ،اپوزیشن اتحاد نااہل حکومت کے خاتمے تک اس کا تعاقب جاری رکھے گی۔ کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادی مارچ پلان سی پر سندھ میں عمل درآمد کیا جائے گا اور 26نومبر کو تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دوپہر 2بجے کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے عوامی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ 28نومبر کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سکھر میں مشترکہ آزادی مارچ کانفرنس بیاد شہید اسلام منعقد کی جائے گی۔اپوزیشن رہنمائوںنے اس موقع پر باہمی مشاورت سے سندھ رہبر کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا اور اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ مولانا راشد محمود سومرو رہبر کمیٹی سندھ کے کنوینئر ہوں گے۔تمام اپوزیشن جماعتوں کے صوبائی صدور و جنرل سیکرٹریز رہبر کمیٹی سندھ کے اراکین ہوں گے۔مولانا راشد سومرو نے کہا 9 سیاسی جماعتوں کا یہ جدو جہد جاری رکھا جائے گا،ہم اسلام آباد دوبارہ بھی جاسکتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوقار مہدی نے کہا کہ 26 نومبر کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما علی اکبر گجر نے کہاموجودہ حکومت ہر معاملے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید نے کہا کہ آر ٹی ایس کیسے اور کس نے فیل کروایا ہمیں بتایا جائے۔ہم فری اینڈ فئیر الیکشن چاہتے ہیں۔اگر اس ملک کی ترقی اور وقار ہمیں عزیز ہے تو اس حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے