مائونٹ مانگینوئی (جسارت نیوز) نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو اننگز اور 65 رنز سے ہرا کر2 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 197 رنز پر ڈھیر ہوگئی، نیل ویگنر نے 5 وکٹیں حاصل کیں، بی جے واٹلنگ کو ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، ٹیسٹ کے 5ویں اور آخری روز انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 207 رنز درکار تھے اور اس کی 7 وکٹیں باقی تھیں مگر نیل ویگنر کی تباہ کن بولنگ کے باعث انگلینڈ کی پوری ٹیم 197 رنز پر آئوٹ ہوگئی، جو ڈینلی نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں جوفرا آرچر 30 ، سام کرن 29 اور بین اسٹوکس 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان جو روٹ اور جوز بٹلر بھی اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے، نیل ویگنر نے 44 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، کیوی وکٹ کیپر بیٹسمین بی جے واٹلنگ کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی پہلی اننگز 353 رنز کے جواب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 615 رنز بنائے تھے۔
