English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پوری ن لیگ مفروروں کے پاس ڈیرا جمائے بیٹھی ہے،فردوس عاشق

القمر

سیالکوٹ/ اسلام آباد (صباح نیوز+ اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری ن لیگ مفروروں کے پاس ڈیرا جمائے بیٹھی ہے، سسیلین مافیا اسی پارٹمنٹ میں سیاسی اجلاس کررہاہے جس کی ملکیت سے یہ ہمیشہ انکار کرتے رہے،یہ ستم ظریفی ہے کہ قانون کو مطلوب لوگ بھی قانون سازی میں شامل ہیں، مولانا کے ہاتھوں سے اسمبلی کی لکیر مٹ گئی۔ تفصیلا ت کے مطابق اتوارکی شام میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف لندن اپارٹمنٹس کی ملکیت سے مسلسل انکار کرتے رہے۔ سسیلین مافیا کہلائے جانے والے آج اسی اپارٹمنٹ میں سیاسی اجلاس کررہے ہیں۔ پاکستان میں مطلوب افراد کو قانون اور عدالتیں بلا رہی ہیں،سسیلین مافیا پاکستان آنے سے انکاری ہے۔ کھربوں کے اپارٹمنٹ میں بیٹھ کر عوام کے درد کی باتیں کر رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ان کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہے۔ جعلی ٹی ٹیز اور اکاؤنٹس کے ذریعے ملکی معیشت کو جھٹکے دیے۔ عام آدمی کے حقوق کی حق تلفی کرنے والا عوام کے درد میں نڈھال نظر آ رہا ہے۔ لندن میں مافیا اپنا مال بچانے کے لیے تگ و دو کر رہا ہے۔ 18سوال شہباز شریف کا پیچھا کر تے رہیں گے۔آپ عوام کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونک سکتے۔ عوام چھوٹے میاں کی ڈکیتیوں کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ شہبازشریف گڈ نیچر کمپنی کی 425 ملین کی ٹریل کا بتائیں، معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ وقار ٹریڈنگ ، مشتاق اینڈ کمپنی سمیت دیگر کاغذی کمپنیوں سے جائیدادخریدی گئیں۔ اقتدار سے باہر ہونیکا غم انہیں چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریب عوام کے لیے نجات دہندہ ہیں۔ اگر اتنا زعم ہے تو آئیں ضمنی الیکشن میں سیاسی پنجہ آزمائی کا چیلنج قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح علاج کرانا ہر قیدی کا حق ہے اسی طرح اسی طرح جرم کا حساب لینا قانون کاحق اور تقاضا ہے۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آج سے 27سال قبل 6دسمبر 1992ء کو ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کی جانب سے بابری مسجد کی شہادت کے دن کی مناسبت سے بھارت کی جانب سے فلم پانی پت ریلیز کی گئی، جس میں افغان ہیرو احمد شاہ ابدالی کے تشخص کو مجروح کرنے کی ناکام کوشش کی گئی۔ جس سے افغانوں اور مسلمانوں کے حوالے سے بھارت کی متعصب اور منفی سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے