کراچی کے 40 سے زائد دفاتر میں پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، 5 مزدور یونینز حصہ لے رہی ہیں
تین یونینز کو سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل، ٹاور، مکا، بلب، اسٹار اور گلاب انتخابی نشان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک میں ریفرنڈم برائے سوداکار یونین (سی بی اے) کے الیکشن آج پیر کو ہوں گے۔ ریفرنڈم میں کے الیکٹرک کی پانچ مزدور یونین الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں جن میں سے تین یونینز کو سیاسی جماعتوں کی سپورٹ حاصل ہے۔ کے الیکٹرک میں سوداکار یونین (سی بی اے) کے الیکشن کے سلسلے میں کراچی کے تمام دفاتر میں رائے شماری کی جائے گی جن میں مختلف یونینز سے وابستہ کارکنان شریک ہو کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ کراچی کے 40 سے زائد دفاتر میں پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ کے الیکٹرک میں ریفرنڈم میں سرفہرست مزدور یونین کے ای ایس سی لیبر یونین کی جانب سے چیئرمین محمد اخلاق خان ’’ٹاور‘‘ کے انتخابی نشان کے ساتھ سی بی اے کی چیئرمین شپ کے امیدوار ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت یافتہ مزدور یونین یونائیٹڈ ورکرز فرنٹ انتخابی نشان ’’مکا‘‘ اور پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ پیپلز ورکرز یونین کے الیکٹرک اپنے انتخابی نشان ’’بلب‘‘ کے ساتھ میدان میں ہے۔ پیپلز ورکرز یونین کے الیکٹرک کی جانب سے اسلم سموں صدر کے امیدوار ہیں۔ انتخابات میں دو مزدور یونین شریک ہوں گی جن میں کارکنان ورکرز پاور یونین کے الیکٹرک اپنے انتخابی نشان ’’اسٹار‘‘ اور تحریک انصاف کی حمایت یافتہ تنظیم انصاف ایمپلائز یونین کے الیکٹرک اپنے انتخابی نشان ’’گلاب کے پھول‘‘ کے ساتھ انتخابات میں شریک ہے۔

