شہر کے متعدد علاقوں میں گیس غائب رہنے کی شکایات میں اضافہ ہوگیا، گیس کی قلت کے باعث گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے
ملیر، ماڈل کالونی، سعود آباد، گلشن حدید، اورنگی ٹائون، گلستان جوہر، پی آئی بی، لائنز ایریا وغیرہ متاثرہ علاقے ہیں
کراچی (کامرس ڈیسک) کراچی میں سردی کی ہلکی لہر کے ساتھ ہی گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور شہر کے متعدد علاقوں میں گیس غائب رہنے کی شکایات میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ گیس کی قلت نے چولہوں کو ٹھنڈا کر دیا ہے۔ کراچی میں سردی کی معمولی لہر نے سوئی سدرن کمپنی کے دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے اور شہر کے بیشتر علاقے گیس کی قلت کا شکار ہوگئے ہیں۔ گیس کی قلت کے شکار علاقوں میں ماڈل کالونی، ملیر، سعود آباد، گلشن حدید فیز2، لانڈھی، کورنگی، پی آئی بی کالونی، ناظم آباد، صدر، لائنزایریا، اورنگی ٹائون، گلستان جوہر، گلشن معمار، گلشن کنیز فاطمہ اور دیگر شامل ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ کھانا پکانے کے تینوں اوقات میں گیس پریشر انتہائی کم ہو جاتا ہے اور گھروں کے چولہے بجھ جاتے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس کے پریشر کے حوالے سے شکایات بڑھ جاتی ہیں جبکہ اس صورتحال میں خواتین کے لیے کھانا پکانا دشوار ہو جاتا ہے۔ ناظم آباد کے کئی علاقوں میں رات بھر گیس غائب رہنے کی اطلاعات ہیں، گیس کی قلت سے متاثرہ علاقوں میں ہوٹل مالکان بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں اور بیشتر ہوٹل مالکان نے ایل پی جی سلنڈر کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ گھروں میں گیس نہ ہونے کے باعث ہوٹلوں سے روٹی خریدنا پڑتی ہے شہر میں گیس بحران کے باعث ایل پی جی مافیا کی بھی چاندی ہوگئی ہے اور ایل پی جی سلنڈرز کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

